ریاض: سعودی عرب میں حج مہم کے جعلی اشتہارات شائع کرنے پر 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ریجن کی پولیس نے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو مقدس مقامات کے اندر حجاج کے لیے رہائش اور نقل و حمل سے متعلق جعلی اور گمراہ کن اشتہارات شائع کرنے میں ملوث تھے۔
گرفتار افراد میں ایک رہائشی اور ایک سعودی شہری شامل ہیں، سعودی وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ حج کے خواہاں افراد اپنے ممالک میں سوشل میڈیا پر خدمات کی تشہیر کرنے والی جعلی حج مہم کا شکار نہ ہوں۔
سعودی وزارت کے مطابق صرف سعودی عرب میں متعلقہ حکام کی طرف سے جاری کردہ حج ویزا حاصل کر کے، اور دیگر ممالک کے حج امور کے دفاتر کے ذریعے ہی حج ممکن ہو سکتا ہے۔
سعودی عرب: غیر یقینی موسم کے باعث ریڈ الرٹ جاری
وزارت نے وضاحت کی ہے کہ حج کے لیے پلیٹ فارم ’’ نسک حج‘‘ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، حج کے خواہش مندوں کو سرکاری سعودی انتباہات مسلسل جاری کیے جا رہے ہیں اور ان پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ جعلی مہمات کا شکار ہونے سے گریز کریں۔
حج کے خواہش مندوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ حج کی سعادت کے حصول کو ممکن بنانے کے لیے صرف سرکاری چینلز کے ساتھ معاملات طے کریں۔