ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی کچھ بدلتی اقسام 12 سے 18 سال کے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہو چکی ہیں۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسینز محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔
اس سے پہلے سعودی عرب میں صحت حکام نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو بڑھایا تھا۔
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 6 ہزار 572 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک میں کیے جانے والے ان ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔
سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 55 ہزار 15 افراد کو کرونا ویکیسن کی خوراک دی جا چکی ہے جن میں 13 لاکھ 52 ہزار 555 افراد بزرگ ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔