بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

سعودی عرب میں 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے بیشترعلاقوں میں جمعہ 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔

شہری دفاع کے مطابق موسمی تبدیلی کے حوالے سے تازہ ترین معلومات کیلیے سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھی جائے۔

بیان کے مطابق مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، اسی طرح کی صورتحال باحہ، عسیر اور جازان ریجن میں بھی متوقع ہے۔

اس کے علاوہ نجران ریجن میں درمیانے درجے جبکہ مدینہ ریجن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں عید الفطر تک بارش کا امکان ہے۔

موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت کے وسطی اور مشرقی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔

بارش کا امکان، مسجد نبویؐ آنے والوں کیلئے اہم ہدایت جاری

موسمیات کے قومی مرکز کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مملکت کے بیشتر علاقے اتوار تک بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں کی زد میں رہیں گے، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں