جدہ : سعودی عرب کی قومی زرعی کمپنی نے سبزیوں کی پیداوار 100 ملین تک پہنچانے کے لیے بڑے منصوبے کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبر رساں ادارے نے سیکرٹری ماحولیات و پانی و زراعت انجینئر احمد العیادۃ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سبزیوں کی پیداوار 100 ملین تک پہنچانے کےلیے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے غذائی اشیا کی پیداوار میں خودکفالت کا ہدف پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر زراعت کے شعبے میں قابل قدر کردارادا کررہا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی زرعی پیداوار معیاری ہو، سیکرٹری ماحولیات و پانی و زراعت نے کہا کہ تمام کام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے۔
آبپاشی کے لیے جدید سائنس سے مدد لی جارہی ہے۔ کم سے کم پانی کے ذریعے آبپاشی کا ہدف پورا ہورہا ہے۔ اس منصوبے سے انواع و اقسام کی سبزیاں خصوصا ٹماٹر، بینگن، کھیرا، مرچ، گوبھی، بروکلی وغیرہ پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ دنیا کے اہم زرعی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس کی بدولت فوڈ سکیورٹی کا ہدف حاصل ہوگا اور پیداواری لاگت کم ہوگی اور کم وقت میں زیادہ پیداوار ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں زراعت کا مکمل نظام موجود ہے جس سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے زراعت کے شعبے میں رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔