ریاض: سعودی سول ایوی ایشن نے وضاحت کی ہے کہ فضائی مسافروں کے لیے توکلنا ایپ کا کرنٹ اسٹیٹس دکھانا ضروری ہے، بصورت دیگر بورڈنگ پاس جاری نہیں ہوگا اور سفر بھی نہیں کرسکتے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروسا کا کہنا ہے کہ فضائی مسافروں کے لیے توکلنا ایپ کے کرنٹ اسٹیٹس کو سفر کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے، اگر کرنٹ اسٹیٹس نہ ہو تو بورڈنگ پاس جاری نہیں ہوگا اور نہ ہی سفر کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی ایئرپورٹ کے 3 مقامات توکلنا ایپ دکھانے کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
ابراہیم الروسا نے بتایا کہ توکلنا ایپ پر کرنٹ اسٹیٹس کا ‘محفوظ’ ہونا بھی لازمی ہے، خواہ وہ ویکسینیشن کے ذریعے ہو یا ماضی میں کورونا سے شفایابی کے بعد ’محفوظ ‘ ہو انہیں ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی عرب : فضائی مسافروں کی سہولت کیلئے اہم ہدایت
اسٹیٹس نہ دکھانے یا اسٹیٹس ‘محفوظ’ نہ ہونے پر مسافر سفر نہیں کرسکتے۔ ایئرپورٹ پر توکلنا ایپ دکھانے کے لیے پہلا گیٹ ملازمین کے لیے مخصوص ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مسافروں کی جانچ ہوگی جو ایئرلائن کے کاونٹر پر اپنا توکلنا اسٹیٹس دکھا کر اس کی کنفرمیشن کے بعد بورڈنگ پاس حاصل کریں گے۔
جبکہ تیسرے مرحلہ میں جہاز پر سوار ہوتے وقت بھی توکلنا اسٹیٹس دکھانا لازمی ہوگا۔