اشتہار

سعودی عرب: موٹاپے کے شکار افراد کے لیے بڑا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب نے موٹاپے کے شکار افراد کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی سے موٹاپے کا علاج انشورنس اسکیم میں شامل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ہیلتھ کونسل نے کہا ہے کہ یکم جولائی 2022 سے انشورنس اسکیم میں موٹاپے کا علاج بھی شامل کر دیا جائے گا۔

سعودی ہیلتھ کونسل کے ترجمان ڈاکٹر ناصر الجہنی نے کہا ہے کہ اب تک انشورنس اسکیم میں موٹاپے کا آپریشن شامل نہیں تھا، تاہم صرف معدے کا حجم محدود کرنے کے آپریشن کی اجازت تھی۔

- Advertisement -

الجہنی کے مطابق ہیلتھ انشورنس کونسل نے معاشرے میں موٹاپے کے مسائل سے دوچار افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے طے کیا ہے کہ آئندہ انشورنس اسکیم میں موٹاپے کا مکمل علاج و آپریشن بھی شامل کیا جائے گا۔

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) کی ایک رپورٹ کے مطابق 2020 کے وزارت صحت کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ سعودی شہریوں میں موٹاپے کا تناسب 59 فی صد تک پہنچ چکا ہے، ان میں سے 28.7 فی صد کا وزن حد سے زیادہ ہے، جب کہ 31 فی صد کا وزن بڑھا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یہ اعدا و شمار 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ہیں۔

ایس ایف ڈی اے کے مطابق اسکول جانے سے قبل کے بچوں میں موٹاپے کا تناسب 6 فی صد ہے، 6 برس کے بچوں میں موٹاپے کی شرح 9.3 فی صد پائی گئی۔

ایس ایف ڈی اے نے انکشاف کیا ہے کہ 60 فی صد سعودی کسی بھی قسم کی جسمانی ورزش نہیں کرتے، جس کی وجہ سے موٹاپے کا تناسب بڑھنے کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں