ریاض: سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی شہری اب اپنی انشورنس سروس، میڈیکل انشورنس کارڈ کے بجائے صرف اپنا شناختی کارڈ یعنی اقامہ دکھا کر ہی حاصل کرسکیں گے۔
سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2020 سے انشورنس کے لیے شناختی کارڈ (اقامہ) دکھانا ہی مؤثر ہوگا جبکہ مقامی شہریوں سے ان کا قومی شناختی کارڈ طلب کیا جائے گا۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کے سیکریٹری جنرل شباب الغامدی کے مطابق یکم جنوری 2020 سے اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں علاج اور طبی معائنے کے لیے جانے والوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی شہری قومی شناختی کارڈ اور غیر ملکی اپنے اقامے کی بنیاد پر میڈیکل انشورنس سہولت حاصل کرسکیں گے۔ شناخت کا واحد ذریعہ اقامہ یا قومی شناختی کارڈ ہی ہوگا۔
سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس کونسل نے ’سھلناھا علیک‘ کے نام سے نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے معنی ہیں ’ہم نے سروس آپ کے لیے آسان کردی‘۔
مذکورہ مہم کے تحت انگریزی، عربی، اردو، فلپائنی، ہندی اور بنگالی 6 زبانوں میں سوشل میڈیا پر 2 ماہ تک آگہی پیغامات بھیجے جائیں گے۔ اس کے لیے ذرائع ابلاغ، ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔