پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

سعودی نوجوان نے اہم تحریر لکھ کر کاغذ جہاز میں ہی چھوڑ دیا، سوشل میڈیا پر وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی نوجوان کی ناکام محبت کی درد بھری داستان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، نوجوان نے ایئر لائن کے مونو گرام والے کاغذ پر اپنے دل کا حال لکھا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز میں ایک نوجوان نے دوران سفر السعودیہ کے مونو گرام والے کاغذ پر اپنی محبت کی ناکامی پر اپنے خیالات کو قلمبند کیا،۔

اس نے لکھا کہ میں جس سے محبت کرتا تھا اور جسے دل کی گہرائیوں سے چاہتا تھا اس کی شادی کسی اور سے ہوگئی ہے۔ میر ے مالی حالات اور اس لڑکی کے اہل خانہ کی سخت شرائط نے مجھے میری محبت سے ہمیشہ کیلئے دور کردیا، اب میں اپنی پیاری کی شادی میں شرکت کرنے کے بعد ریاض واپس جا رہا ہوں۔

اس مسافر نے اپنی تحریر پر کوئی نام نہیں لکھا، اس نے تحریر کے آغاز میں عنوان لکھا کہ ’میری پیاری کسی اور کی ہوگئی‘جسے دیکھ کر ہر دیکھنے والا دکھی ہوگیا۔

اس نوجوان نے یہ بھی لکھا کہ ’وقت کی تلوار، مادہ پرستی، جاہ و منصب اور مال و دولت کی کشش نے مجھے میرے پیار سے محروم کردیا۔ میری مالی حیثیت اتنی نہیں تھی کہ حد سے زیادہ طلب کی جانے والی مہر کی رقم ادا کرسکتا۔‘

تحریر کے آخر میں نوجوان نے اس لڑکی سے سچی محبت اور اس کی آنے والی زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس نے لکھا کہ
اللہ اس کی نئی زندگی کو کامیاب بنائے، خوشیاں اس کا نصیب ہوں، الوداع، الوداع، الوداع۔

بعد ازاں کسی نے اس کاغذ کے ٹکڑے کو ٹوئٹر پر شیئر کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا، ٹوئٹر پر صارفین نے نوجوان کی وائرل ہونے والی تحریر پر خوب تبصرے کیے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں