سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر اور الباحہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ ریاض، الجوف اور مشرقی ریجن میں مطلع گرد آلود رہے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، میسان، اضم اور بنی یزید میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے، ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ خیبر، بدر، المہد اور العلا میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریاض ریجن کے شہروں الدرعیہ، وادی الدواسر، الدوادمی اور الخرج میں گرد آلود ہوا چلے گی جس سے حد نگاہ تین کلو میٹر تک محدود ہوگی۔
مشرقی ریجن کے مختلف شہروں میں بھی یہی صورتحال ہوگی، دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے تک گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
محکمے کے مطابق جازان، عسیر اور الباحہ ریجنوں کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجنوں کے متعدد شہروں کے لیے غیر یقینی موسم کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق محکمے کی جانب سے دیگر ریجنوں کے شہروں کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
حج 2025: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے کہا تھا کہ ’طائف، الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ اور میسان میں موسم غیر یقینی رہے گا۔ موسلادھار بارش، گرج چمک اور تیز ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔