ریاض : بلدیہ کے صفائی عملے نے کچرے کے ڈرم سے ملنے والے نومولود کی جان بچالی، کسی سفاک شخص نے اس معصوم کو پلاسٹک کے شاپر میں ڈال کر پھینک دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں شقرا کمشنری میں شعبہ صفائی کے ایک کارکن نے کچرے کے ڈرم میں پڑے ہوئے نومولود کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کارکن نے کچرے کے ڈرم کو کمپریسر میں خالی کرنے کے لیے جیسے ہی گاڑی سے جوڑا تو اسے ڈرم سے آنے والی بچے کے رونے کی آواز نے چونکا دیا جس پر کارکن نے ڈرم کو کمپریسر سے جدا کر دیا۔
بلدیہ حکام کے مطابق صبح سویرے بلدیہ کے کارکن کچرا اٹھانے کے لیے مخصوص کمپریسر ٹرک کے ساتھ شقرا کمشنری کے ایک علاقے میں پہنچے۔ جیسے ہی کچرے سے بھرے ڈرم کو کمپریسر سے منسلک کیا ڈرم میں پڑے ہوئے سیاہ تھیلے سے بچے کے رونے کی آواز نے کارکن کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔
کارکن نے ڈرم کو فوری طور پر کمپریسر سے جدا کیا اور کچرے سے اس سیاہ شاپر کو نکالا تو اس میں نومولود لپٹا ہوا تھا۔ نومولود کو اس حالت میں پاتے ہی صفائی کے کارکن نے اپنے علاقے کے سپروائزر کو مطلع کیا جو جلد ہی وہاں پہنچ گیا۔
اس موقع پر بلدیہ کے دیگر علاقائی ذمہ دار بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ پولیس نے کچرے سے ملنے والے بچے کو اپنی تحویل میں لے کر اسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے نومولود کو بچوں کے مخصوص اسپتال میں بھجوا دیا جہاں اس کی نگہداشت کی جائے گی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔