لاہور : سعودی عرب میں منشیات کے جھوٹے الزام میں گرفتار ہونے والے ایک ہی خاندان کے 5 بے گناہ افراد کو رہائی مل گئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر بیگ کا ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم اپنے خاندان کے دیگر 4 افراد کے ہمراہ 23 دسمبر کو سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئیں۔
ڈرگ مافیا کے کارندوں نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔ فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لے لیا گیا۔
اطلاع ملنے پر اے این ایف حکام نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا، ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو پورا گینگ بے نقاب ہوگیا۔
ملزم کی نشاندہی پر انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دئیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
سعودی عرب میں قید سے رہائی پانے والے متاثرہ خاندان کی گزشتہ روز وطن واپسی پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملنے پہنچ گئے۔
انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا رہائی اور بخیریت وطن واپسی پر مبارکباد دی محسن نقوی نے کہا کہ آپ کو جو تکلیف اٹھانا پڑی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا، ساتھ ہی سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا جس کا خصوصاً شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اس موقع پر اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر سکندر حیات، ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈئر عمران۔ ڈائریکٹر انٹیلیجنس کرنل کامران اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔