ریاض : سعودی عرب میں کھانے پینے کی ناقص اشیاء کی فروخت اور اس کی تیاری میں ملوث07ہوٹلوں کو سیل کرکے دس غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ینبع کی میونسپلٹی عملے نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے تجارتی علاقوں میں قائم ہوٹلوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی متعدد دکانوں کے معائنے کیے۔
کارروائی کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے علاوہ لائسنس اور ملازمین کے لیے صحت کارڈ سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں جس کیخلاف فوری ایکشن لے کر سات ہوٹلوں کو سیل جبکہ ان میں کام کرنے والے 10 غیر ملکی افراد گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بلدیہ کے عملے کی کارروائی کے دوران ریستورانوں میں کھانے پینے کے اشیا ذخیرہ کرنے کے معیار کے قوانین میں سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئیں جس میں زائد المیعاد غذائی اشیا اور صفائی کا اہتمام نہ کرنا شامل تھا، عملے کی جانب سے فوری طور پر مرتکب افراد پر بھی جرمانے کیے گیے۔
اس موقع پر ایسے افراد کی بھی نشاندہی ہوئی جنہوں نے لیبر و اقامہ قوانین کی بھی خلاف ورزی کی، تاہم ایسے افراد کو پکڑ کر متعلقہ ادارے کے حوالے کیا گیا تاکہ انہیں قانونی کارروائی کے بعد سعودی عرب سے بیدخل کردیا جائے۔
اس کے علاوہ بلدیہ عملے نے کارروائی کرتے ہوئے دیگر معمولی خلاف ورزیوں پر 14 دکانوں کو نوٹس جاری کیےاور انہیں معیار پر پورا اترنے کی مہلت دی ہے۔