وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کو سعودی ولی عہد کی طرف سے بھیجے گئے خط سے متعلق آگاہ کر دیا۔
وزیراعظم نے کابینہ میں کہا کہ سعودی ولی عہد نےخط میں پٹرولیم مصنوعات کی مؤخرادائیگی کی تجدید کا بتایا ہے جس پر سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، سعودی عرب ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کےساتھ کھڑا رہا ہے
کابینہ کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای-آفس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام ڈویژنز میں ای-آفس کا استعمال 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے جب کہ وفاقی حکومت کی 39ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال میں بزنس کمیونٹی نے پالیسی پر پچپن فیصد اعتماد کا اظہار کیا ہے عالمی بینک کے وفد نے بھی معاشی اشاریوں کو سراہا اب تعریفی کلمات سن کر بیٹھنا نہیں، اور بھی زیادہ محنت کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سےچار ماہ بعد بجٹ بھی آنا ہے لیکن ان دنوں میں معاشی ایجنڈے پر کام شروع کرنا ہے، مل کر شبانہ روز محنت کریں گے تو معاشی ترقی کا پہیہ تیزی سے گھومنا شروع ہو جائے گا۔