ریاض: سعودی عرب کی ایک خاتون جو سوشل میڈیا پر بے حد مشہور تھیں، ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور سعودی خاتون شخصیت ’ساز القحطانی‘ ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئیں، ان کی گاڑی کو گزشتہ روز ریاض میں جان لیوا حادثہ پیش آیا۔
ریاض میں مقیم 22 سالہ ساز القحطانی سوشل میڈیا پر بہت مشہور تھیں، ہلاکت کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ساز القحطانی کی گاڑی کو پیش آنے والے الم ناک حادثے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ القحطانی کی تیز رفتار کار پل کی سائٹ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوئی۔
القحطانی کی ہلاکت کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ان کی کار کو حادثہ ریاض کی شاہراہ ’العروبہ‘ پر پیش آیا، حادثے کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستے ہی میں جان کی بازی ہار گئیں۔ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر اور ویڈیوز میں کار مکمل تباہ شدہ حالت میں نظر آتی ہے۔
#ساز_القحطاني مقطع حادث ساز pic.twitter.com/QMykukDbd3
— ألكسندر 🎠 (@hestrick_) March 16, 2022
واضح رہے کہ بائیس سالہ ساز القحطانی سعودی عرب میں سوشل میڈیا خاص کر اسنیپ چیٹ کی مشہور شخصیت کے طور پر پہچانی جاتی تھیں، اور ان کے ہزاروں فالورز تھے۔
القحطانی ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی کافی مشہور تھیں، جہاں وہ مختلف نوعیت کی پوسٹس کرتیں، جن میں نت نئے ڈیزائن کے ملبوسات کے علاوہ مختلف پروگرامز کی ویڈیوز شامل ہیں۔