ریاض : سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سد باب اور عوام کو اس وباء سے بچانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے وزارت بلدیات ودیہی و آباد کاری امور نے پیر کو بیان میں کہا ہے کہ حجامت میں ڈسپوزیبل آلات کے استعمال کی پابندی کی بار بار خلاف ورزی پر دو ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت بلدیاتی امور نے کہا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد سنیچر12 جمادی الثانی1443ھ مطابق15 جنوری2022 سے ہوگا۔
وزارت بلدیات و دیہی امور نے کہا ہے کہ ڈسپوزیبل آلات ایک سے زیادہ بار استعمال کرنا قابل سزا جرم ہے، اس پر دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔
وزارت بلدیات کا کہنا ہے کہ جرمانے کے علاوہ خلاف ورزی کی اصلاح بھی ضروری ہوگی جبکہ ایک سے زیادہ بار کی خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہوگا اور سیلون ایک ہفتے کے لیے سیل کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور اس سے قبل بھی مردوں کی حجامت کے لیے خاص دکانوں سے متعلق کورونا ایس او پیز جاری کرچکی ہے۔
اس کا مقصد سیلون کے کارکنان اور گاہکوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا اور معاشرے کو نئے کورونا وائرس لگنے سے بچانا ہے۔