جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

سعودی عرب: ریسٹورنٹس، تجارتی مراکز کے لیے بڑی سہولت

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں ریسٹورنٹس اور تجارتی مراکز کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے 31 مئی سے 20 جون کے دوران ریسٹورنٹس، قہوہ خانوں، ہوم ڈلیوری سروس، ریٹیل، تھوک کی دکانوں اور تجارتی مراکز کے لیے حفاظتی قواعد و ضوابط جاری کر دیے۔

وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو سے خارج اوقات میں ریسٹورنٹس کے اندر بھی گاہکوں کو کھانا پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، 31 مئی سے وہ گاہکوں کو داخلی سروس بھی فراہم کر سکیں گے، جب کہ کرفیو کے دوران ہوم ڈلیوری کی بھی اجازت ہوگی۔

- Advertisement -

کرونا کی روک تھام کے سلسلے میں بنائے گئے ضوابط کے تحت ریسٹورنٹس میں شیشے پر پابندی ہوگی، بچوں کے پلے لینڈ بھی بند رہیں گے۔ سروس فراہمی کے وقت ملازمین کے لیے ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی ہوگا، سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جائے گا۔

سعودی عرب میں جعلی کرفیو پاس فروخت کرنے والا شخص گرفتار

ریسٹورنٹس، قہوہ خانوں اور ایسی دوسری جگہوں پر ڈسپوزیبل برتن استعمال کیے جائیں گے، جن چیزوں کو بار بار چھوا جاتا ہو، انھیں بار بار سینیٹائز کیا جائے گا، مثلاً دروازے کا ہینڈل، پانی کے نلکے، کرسیاں بار بار سینیٹائز کرنی ہوں گی، جب کہ حمام اور واش رومز میں خود کار طریقے سے کام کرنے والے نل نصب کرنا لازمی ہوں گے۔

ایس او پیز کے تحت گاہکوں کے درمیان ڈیڑھ سے 2 میٹر کا فاصلہ قائم رکھنا ہوگا، بھیڑ سے بچنے کا بھی خصوصی انتظام کرنا ہوگا، ایک ٹیبل پر چار افراد سے زیادہ نہیں بیٹھیں گے، فیملی مستثنیٰ ہوگی، گاہکوں کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا، بخار یا سانس کی بیماری والے افراد ریسٹورنٹس میں داخل نہیں ہوں گے۔

ہوم ڈلیوری سروس کا عملہ بھی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرے گا، اور اپنے ساتھ ہیلتھ سرٹیفکیٹ، شناختی کارڈ، حفاظتی ماسک لازمی رکھیں گے، پارسل پر پلاسٹک کوٹنگ کی جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں