تازہ ترین

سعودی عرب: سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ، مگر کیوں؟

ریاض: مملکت سعودی عربیہ میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سونے کے تاجروں نے کہا ہے کہ مملکت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فی صد اضافہ کیا گیا ہے جس کے اطلاق سے قبل سونے کی خریداری میں تیزی آ گئی ہے۔

بعض جیولرز کا کہنا ہے کہ وبا سے قبل جتنے لوگ سونے کی مارکیٹ کا رخ کرتے تھے، وہ سطح اب واپس آ گئی ہے، ریاض کے شمال مغربی مضافات میں واقع شہر درعیہ میں حال ہی میں سونے کی مارکیٹ بحال کی گئی ہے۔

مارکیٹ کے ایک سنار کا کہنا تھا کہ اس ہفتے اتنی زیادہ فروخت کی توقع نہیں تھی، ہو سکتا ہے کہ مارکیٹ کی بحالی میں کرفیو کے ختم ہونے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں 15 فی صد اضافے، جس کا اطلاق جولائی سے ہوگا، کا بڑا عمل دخل ہو۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر کے ری ٹیل کاروبار کرنے والوں کو شدید متاثر کیا، وہیں زیورات کی خرید و فروخت کے کاروبار کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے، ورلڈ گولڈ کونسل کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے سونے کے زیورات کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 39 فی صد کمی واقع ہوئی ہے، کیوں کہ شادی بیاہ و دیگر تقریبات معطل ہوئیں۔

اگرچہ سونے کی خریداری میں رواں ہفتے اچانک اضافہ ہوا ہے تاہم جیولرز کا کہنا ہے کہ ابھی بھی خرید و فروخت لاک ڈاؤن سے قبل کی نسبت کم ہے، کرفیو کے خاتمے کے بعد توقع تھی کہ آئندہ ہفتوں میں شادی کی تقریبات منعقد ہوں گی جس سے سونے اور زیورات کی مانگ میں اضافہ ہوگا تاہم ایسا نہ ہو سکا اور پابندی نہیں اٹھائی گئی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں تمام سامان اور خدمات پر 5 فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) کے نفاذ کو بڑھا کر 15 فی صد کرنے کے نظام کا اطلاق یکم جولائی 2020 سے ہوگا۔

Comments

- Advertisement -