جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

سعودی عرب: ریستورانوں میں ٹیبل سروس پر پابندی عائد

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب کے تمام شہروں کے ہزاروں ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ٹیبل سروس پر پابندی عائد کردی گئی ہے، خلاف ورزی پر سخت سزا دی جائے گی۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے تمام شہروں کے ہزاروں ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ٹیبل سروس پر پابندی جمعرات رات دس بجے سے نافذ کردی گئی ہے۔

دارالحکومت ریاض میں 9 ہزار 623 قہوہ خانوں اور ریستورانوں میں پابندی پر عمل درآمد کیا گیا ہے، یہ ریستوران اور قہوہ خانے ریاض شہر سمیت ریجن کے تمام شہروں اور قصبوں میں واقع ہیں، ٹیبل سروس پر پابندی کرونا وائرس سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بچانے کے لیے لگائی گئی ہے۔

- Advertisement -

ریاض میونسپلٹی نے بتایا کہ جمعرات کی رات 10 بجے سے 6 تجارتی سرگرمیوں پر پابندی لاگو کردی گئی، اس کے تحت 143 شادی گھر 14 سو 1 ہوٹلوں کے ہالز، 116 تفریحی مراکز، 40 گیمز مراکز، 632 اسپورٹس سینٹرز اور 9 سینما گھر شامل ہیں۔

ریاض میونسپلٹی نے انتباہ دیا کہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات ہوں گے،خلاف ورزی پر انتہائی سزا دی جائے گی۔ پورے ہفتے چھاپہ مہم ہنگامی بنیاد پر چلائی جائے گی۔

ریاض میونسپلٹی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں فوراً 940 پر رابطہ کر کے مطلع کریں، القصیم میونسپلٹی نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 14 ادارے سیل کیے ہیں۔

مکہ میونسپلٹی نے ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر 25 قہوہ خانے اور تجارتی ادارے سیل کردیے جبکہ مقررہ ڈریس کوڈ کی پابندی نہ کرنے پر کارکنان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

جدہ میونسپلٹی نے ترجمان محمد البقمی نے بتایا کہ میونسپلٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 19 بلدیاتی کونسلوں کے دائرے میں آنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مار کر 104 کو سیل کردیا، ان میں سے 3 مشہور تجارتی مراکز ہیں، انسپکٹرز نے 380 چھاپے مارے۔

جدہ میونسپلٹی نے پھر پورے شہر میں سینی ٹائزنگ بڑے پیمانے پر شروع کی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے جن ایس او پیز کا اعلان کیا گیا تھا ان پر عملدر آمد کیا جا رہا ہے۔ 30 روز تک شادی تقریبات اور کمپنیوں کے پروگرام معطل رہیں گے پابندی میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔

سماجی پروگراموں میں 20 سے زیادہ افراد شریک نہیں ہوسکتے، یہ پابندی 10 دن تک رہے گی توسیع ہوسکتی ہے، تمام تفریحی پروگرام 10 روز کے لیے معطل ہیں، پابندی میں توسیع کا امکان ہے۔

سینما گھر اور انڈور تفریحی مراکز، گیمز کے مقامات، شاپنگ سینٹر اور اسپورٹس سینٹر 10 روز تک بند رہیں گے، اس میں بھی مزید توسیع ہوسکتی ہے، کرونا ایس او پیز کی پابندی کروانے کے لیے نگراں ٹیمیں بڑے پیمانے پر چھاپہ مہم چلائیں گی۔

وزارت بلدیات و دیہی آبادیاتی امور نے پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

وزارت بلدیات و دیگر نگراں ادارے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کی کڑی نگرانی کریں گے، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جارہے ہیں۔ جگہ جگہ انتباہی بورڈ بھی لگائے جا رہے ہیں۔

قبرستانوں میں جنازے کی نماز 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت ادا کی جاسکتی ہے، یہ سہولت بھیڑ بھاڑ کو روکنے کے لیے دی جارہی ہے۔ قبرستانوں میں جنازے کی نماز کی جگہیں متعین ہیں، ایک قبر سے دوسری قبر کے درمیان تقریباً 100 میٹر کا فاصلہ رکھا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں