اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 10 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکج طے ہوا ہے، پیکج کے تحت سعودی حکومت گوادر میں آئل سٹی بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب میں دونوں ممالک کے درمیان دس ارب ڈالر کا ایک اقتصادی پیکج طے ہو گیا ہے جس کے تحت گوادر میں آئل سٹی بنایا جائے گا جو سی پیک کا حصہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ سعودی عرب میں متعدد معاہدے اور فیصلے کیے گئے ہیں، اے آر وائی نیوز کو موصولہ تفصیلات کے مطابق ان میں سب سے اہم اقتصادی راہ داری میں سعودی اشتراک ہے۔
[bs-quote quote=”گوادر میں آئل سٹی کا معاہدہ پہلے چین کے پاس تھا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ذرائع کے مطابق گوادر میں جس آئل سٹی بنانے کے لیے دس ارب ڈالر پر مبنی پاک سعودی معاہدہ ہوا ہے، یہ منصوبہ پہلے چین کے پاس تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے پاکستان نے چین کو آمادہ کرنے کے بعد معاہدہ سعودی عرب کو دے دیا، چین کو سعودی عرب کے ساتھ سی پیک معاہدوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا۔
وزیرِ اعظم اور وفد نے بھارتی شر انگیزیوں پر بھی سعودی عرب کو اعتماد میں لیا، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب شریف برادران کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل پر آمادہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے پارٹنر کی حیثیت سے شمولیت کی دعوت
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کی عرب قیادت سے سعودی عرب اور ایران تنازعات پر بھی گفتگو ہوئی، پاکستان نے برادر ممالک ایران اور سعودی عرب میں تنازعہ ختم کرانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک میں خلیج کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔ دوسری طرف یو اے ای حکومت کے ساتھ بھی اربوں ڈالر کے معاہدے کیے جائیں گے۔