ریاض: سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مملکت میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت میں موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ہفتے سے بدھ تک مختلف ریجنز میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ 30 جولائی سے 3 اگست تک جازان، نجران، عسیر اور باحہ ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مکہ مکرمہ میں بھی درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سسٹم ریاض، شرقیہ اور قسیم ریجن کو بھی متاثر کرسکتا ہے اور یہاں بھی تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خطرہ ہے، اس دوران شہری نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
قومی ادارے کا کہنا ہے کہ شہری ریسکیو اداروں کی جانب سے جاری حفاظتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔