ریاض : سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی آمد سے متعلق انتہائی اہم پیش فت دیکھنے میں آئی ہے، کورونا صورتحال کے بعد سفری معاملات کافی حد تک بہتر ہوئے ہیں۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب میں ٹریول بکنگ جون 2019 کے مقابلے میں رواں برس جون میں 28 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے اومنی چینل ٹریول برانڈ نے کہا ہے کہ بکنگ میں اضافہ صارفین کے سفر کی شدید خواہش کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا میں پابندیوں میں آسانی کے ساتھ فضائی سفر میں اضافہ ہوا ہے۔
المسافر کے سعودی سمر ٹریول ٹرینڈز سے پتہ چلتا ہے کہ مملکت سے آنے والے مسافر لگژری رہائش میں قیام کا انتخاب کرتے ہیں جہاں موسم گرما میں ہوٹلوں کی بکنگ کا تقریباً 50 فیصد حصہ فائیو سٹار ہوٹلوں میں ہوتا ہے۔
سال 2019میں سمر ٹریول سیزن کے مقابلے میں ہوٹلوں کے لیے بکنگ کے لیے اوسط آرڈر کی قیمتوں میں 66فیصد اور پروازوں کے لیے 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق مقامی سیاحت میں 7 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ مقامی افراد نے مملکت کے پرکشش مقامات کی تلاش جاری رکھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عسیر ریجن کے دارالحکومت ابھا کے 2019 کے موسم گرما کے مقابلے میں رواں برس کی بکنگ میں 125 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی، لندن، قاہرہ، پیرس اور شرم الشیخ سعودی مسافروں کے لیے مقبول ترین بین الاقوامی مقامات رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لندن کے لیے 2019 کے موسم گرما کے مقابلے میں رواں برس کی بکنگ میں 133 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ یکم جون 2022 کو سعودی شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا کی چھوٹ متعارف کرائی گئی تھی۔
سات جون سے سعودی شہریوں کے تھائی لینڈ جانے کے لیے ویزے سے استسثنی کے اعلان کے ساتھ تھائی لینڈ اب بین الاقوامی سفر کے لیے مطلوب ترین مقامات میں سے ایک ہے۔