ریاض: سعودی عرب نے 4 دن کا مفت ٹرانزٹ ویزا متعارف کرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے مخصوص ایئر لائنز سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 4 دن کا مفت ٹرانزٹ ویزا متعارف کرا دیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے ایک نئی مفت ویزا پالیسی متعارف کروائی ہے جو سعودیہ ایئر لائنز اور فلائی ناس ایئر لائنز میں سفر کرنے والوں کے لیے ہے۔
چار روز کے لیے مفت ٹرانزٹ ویزا ایسے افراد کو جاری کیا جائے گا جو ملک میں سیاحت یا عمرے کی غرض سے آنے کے خواہش مند ہوں گے، جب کہ یہ ویزا ٹکٹس کے ساتھ جاری کیا جائے گا، جو 3 مہینے تک کار آمد ہوگا۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز اس سلسلے میں ایک الیکٹرانک سروس کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت مملکت میں رکنے والے مسافر داخلہ ویزا حاصل کر سکیں گے۔ ’اسٹاپ اوور‘ کے لیے ٹرانزٹ ویزے کے تحت ان لوگوں کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ملے گی، جو عمرہ کرنا، مدینہ میں مسجد نبوی کا دورہ، یا مملکت کا ٹور کرنا چاہتے ہیں۔
اسٹاپ اوور ویزا مسافروں کو مملکت میں 96 گھنٹے تک رہنے کی اجازت دے گا، اور زائرین پہلے سے کہیں بڑھ کر سعودی کے بے مثال تاریخی، ثقافتی اور روحانی مقامات کو دیکھنے کا موقع پائیں گے۔
یہ نئی سروس پیر سے مؤثر ہوگئی ہے اور مسافر سعودیہ ایئر لائنز اور فلائناس کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے ٹرانزٹ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔