ریاض : سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے تمام عمرہ زائرین کو ہدایات جاری کی ہیں، جس میں بسوں سفر سے متعلق، ہدایات پر عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے سفری ضوابط مقرر کیے ہیں، بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ کو وزارت صحت کی جانب سے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ سے کہا گیا ہے کہ5 برس سے زیادہ پرانی کوئی بھی بس عمرہ زائرین کو لانے لے جانے کے لیے استعمال نہ کی جائے۔
ہدایات میں کاہ گیا ہے کہ عمرہ زائرین کی ہر بس خود کار نگرانی کے نظام سے آراستہ ہو۔ شاہراہوں پر بس سروس کی سہولت مہیا ہو۔ ہر بس کا ایک ڈرائیور اور ایک اس کا ہیلپر ہو۔
کسی بھی بس ڈرائیور یا ہیلپر کی ڈیوٹی کا دورانیہ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کا نہ ہو۔ ڈرائیور اور ہیلپر متعلقہ ادارے سے اجازت نامہ حاصل کرے۔ وزارت حج و عمرہ بسوں کے حوالے سے مزید پابندی لگا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ بس کے روٹ، منزل اور عمرہ زائرین کے ناموں کی فہرست تیار کی جائے جس میں ڈرائیور اور ہیلپر کا نام بھی درج ہو۔ تمام ٹرانسپورٹ کارکنان کو حفاظتی تدابیر کی تربیت دی جائے اوربسوں میں سینیٹائزر فراہم کیے جائیں۔ کسی بھی بس میں اس کی
پچاس فیصد سے زیادہ گنجائش نہ استعمال کی جائے، عمرہ زائرین کے لیے بسیں مختص ہوں، ان کی بسوں سے کوئی اور کام نہ لیا جائے۔
مکہ مکرمہ محکمہ ٹریفک نے مسجدالحرام کے اطراف بارہ چیک پوسٹیں قائم کی ہیں جہاں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے اجازت نامے چیک کیے جارہے ہیں۔
اس بات کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے کہ حرم مکی کے آس پاس ہوٹلوں میں ان کی بکنگ ہے یا نہیں، عمرہ اجازت نامہ رکھنے والے ایسے زائرین کو جن کی ہوٹلوں میں بکنگ نہ ہو مخصوص پارکنگ بھیجا جارہا ہے جہاں سے بسیں انہیں مسجد الحرام کے اطراف ٹرانسپورٹ سٹیشن لے جائیں گی۔
مکہ مکرمہ محکمہ ٹریفک کے اہلکار ٹیکسیوں کی قافلہ بندی بھی کررہے ہیں تاکہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کو فرض نمازوں اور عمرے کے بعد منتقل کرنے میں سہولت مہیا ہو۔