آئندہ ہفتے سے دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہو رہا ہے اس ماہ مقدس میں سعودی عرب میں اسکولوں کے اوقات کار مقرر کر دیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہ رمضان المبارک کے دوران پوری مملکت میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا دورانیہ 5 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ریجنل محکمہ تعلیم جدہ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اسکولوں میں تدریس کا آغاز صبح 9 بجے کیا جائے گا جو دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گا۔
تعلیم بالغاں کے لیے مقررہ شام کی کلاسز کا آغاز نماز ظہر کے بعد دوپہر ایک بجے ہو گا تاہم اس کا سلسلہ مختلف اسکولوں کے اپنے ٹائم ٹیبل کے مطابق رات ساڑھے نو بجے تک رہے گا۔
اسکولوں میں کام کرنے والے اداراتی عملے کے لیے ڈیوٹی کا آغاز صبح 10 بجے ہو گا جو سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب مشرقی ریجن کے ادارہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تدریس کا آغاز صبح 10 بجے ہو گا جو سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گا۔