فٹ بال اور فارمولہ ون جیسے دیگر کھیلوں میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کے بعد اب سعودی عرب کی نظریں اب کرکٹ پر مرکوز ہوگئیں۔
اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کرکٹ کے کھیل کے مزید فروغ کیلئے دنیا کی امیر ترین ٹی 20 لیگ کے قیام کی خواہاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ کے قیام کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مالکان اور بی سی سی آئی حکام سے بات کی ہے۔
Cricket: Saudi Arabia seeks to set up world’s richest cricket competition https://t.co/piYd86By5b
— Malcolm Conn (@malcolmconn) April 13, 2023
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے بھارتی کرکٹرز کیلئے بیرون ملک کی لیگز میں شرکت پر پابندی ہے تاہم سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے وہاں ایک نئی ٹی 20 لیگ کے قیام کی تجویز سے بھارتی بورڈ اس معاملے پر اپنا مؤقف بدل بھی سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں لیگ کے حوالے سے بات چیت ایک برس پہلے شروع ہوئی، آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے نے ایک انٹرویو میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کی تصدیق کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکام اس حوالے سے پُرامید ہیں کہ دنیا بھر کے شائقین کے لیے کرکٹ کا اگلا پڑاؤ سعودی عرب ہوگا۔