اتوار, جنوری 19, 2025
اشتہار

دنیا کے بلند ترین ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ کب شروع ہو رہا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب کے شہر جدہ میں دنیا کے بلند ترین ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے بن لادن گروپ سے معاہدہ کیا ہے۔

جدہ میں اکنامک ٹاور کی تعمیر کا ممنصوبہ پرانا ہے جس کا تعمیراتی کام سات سال قبل روک دیا گیا تھا۔ اب اس ادھورے منصوبے کی تکمیل کے لیے معاہدہ کر لیا گیا ہے۔ ایک ہزار میٹر بلند یہ عمارت دنیا کی سب سے بلند عمارت ہوگی۔ 157 منزلہ عمارت کے 63 فلور تعمیر ہوچکے ہیں۔

- Advertisement -

اخبار 24 کے مطابق تکمیل کے بعد دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز پانے والے اس جدہ اکنامک ٹاور کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے لیے کنگڈم ہولڈنگ کمپنی نے بن لادن گروپ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 7.2 ارب ریلا ہے۔

کنگڈم کمپنی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی منصوبے کے لیے 1.1 ارب ریال کی ایڈوانس رقم موصول ہو چکی ہے اور یہ تعمیراتی کام 42 ماہ میں مکمل ہو گا۔ کمپنی کی جانب سے تعمیرات کے لیے باقی فنڈ اپنے اکاونٹ سے فراہم کیا جائے گا جبکہ اضافی رقم بنک سے لی جائے گی۔

اس ٹاور کا مجموعی رقبہ 5.3 ملین مربع میٹر ہے، پہلے مرحلے میں 1.3 ملین مربع میٹر رقبے پر تعمیراتی کام کیا جائے گا

2018 تک یہ ٹاور اتنا تعمیر ہو چکا تھا / رائٹرز فوٹو

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کی بنیاد کا کام تقریباً مکمل ہے، جو پہلے مرحلے میں شامل ہے۔ اس میں سیوریج، بجلی اور تیز رفتار انٹرنیٹ سسٹم کی فراہمی شامل ہے۔

کنگڈم ہولڈنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ ولید بن طلال کا کہنا ہے جدہ ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ ساڑھے تین سال میں مکمل ہوگا۔

اس ٹاور میں ہوٹل، اپارٹمنٹس، دفاتر، لابیز اور ایک آبزرویشن ڈیسک قائم ہوگی، جہاں سے سیاح شہر کا نظارہ آسانی سے کر سکیں گے۔ تعمیراتی منصوبہ مکمل ہونے پر جدہ ٹاور دنیا کی بلند ترین عمارت کا ریکارڈ اپنے نام کرلے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت دبئی میں موجود برج خلیفہ کا شمار دنیا کی بلند ترین عمارت میں ہوتا ہے۔ یہ ریکارڈ 2010 سے اس کے پاس ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں