ریاض: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان خلیجی خطے میں تنازعات کے پرامن حل کی کاوشوں کو سراہتا ہے، فیٹف فورم پر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالک نے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزرائےخارجہ کونسل اجلاس میں سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی تھی، اس دوران بھی دونوں ممالک نے تعلقات کی مضبوطی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستانیوں کی کثیر تعداد گزشتہ کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مقیم ہے، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر اصولی موقف کا اعادہ قابل تحسین ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خلیجی خطے میں تنازعات کے پرامن حل کی کاوشوں کو سراہتا ہے، پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں۔