سعودی عرب کا نیا منصوبہ سامنے آ گیا ہے نیوم پراجیکٹ نے خلیج عقبہ کے ساحل پر جدید ترین سہولتوں سے آراستہ گالف کوس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوم پراجیکٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خلیج عقبہ کے ساحل پر ’’قیدوری‘‘ کے نام سے گالف کورس بنانے کا اعلان کیا ہے جو دور جدید کی تمام سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔
عالمی معیار کے گالف کورس میں جدید سہولیات کے ذریعے وزیٹرز اور رہائشیوں کو صحت مند زندگی گزارنے میں معاون تفریحی سرگرمیاں فراہم کی جائیں گی۔
قدرتی مناظر کے درمیان گھرے اور جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ 18 ہولز پر مشتمل گالف کورس میں ہر قسم کے گالف مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوگا۔ اس میں کھلاڑیوں کے لیے دیگر سہولیات بھی موجود ہوں گی جبکہ گالف اکیڈمی میں جدید وسائل کے ذریعے گالف کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
خلیج عقبہ جس کا شمار مملکت کے دلکش ساحل میں ہوتا ہے اس کے خوبصورت ٹیلوں کے درمیان تعمیر کیے جانے والے گالف کورس میں کھیل کے میدانوں اور تفریح کے لیے مخصوص مقامات کے علاوہ لگژری رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس جدید منصوبے کے وسط میں ساحل پر ایک کمپلیکس تعمیر کیا جائیگا جو 190 لگژری اپارٹمنٹس، 200 منفرد ڈیزائن کے حامل گھروں اور 80 کمروں پر مشتمل ہوٹل جہاں سوئمنگ پول اور سینما سمیت تمام جدید ضیافتی سہولیات موجود ہوں گی سمیت تمام سیاحتی سہولتوں، دکانوں، گارڈنز پر مشتمل ہوگا۔