ریاض: سعودی حکومت نے سفری پابندی کے شکار ممالک میں موجود غیرملکیوں کے لیے اہم وضاحت پیش کی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک شہری نے سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ذیلی ادارے(جوازات) سے آن لائن استفسار کیا کہ مملکت سے خروج وعودہ پر اپنے وطن آیا ہوں اور سفری پابندی کے باعث سعودی عرب واپس نہیں جاسکتا، ایسے صورت میں کیا کفیل خروج نہائی لگا سکتا ہے؟۔
جوازات نے اس اہم سوال پر وضاحت پیش کی جو تمام غیرملکیوں کے لیے بھی جاننا ضروری ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے ذیلی ادارے نے بتایا کہ جو غیر ملکی کارکن خروج وعودہ پر سعودی عرب سے باہر گیا ہوا ہے اس کا خروج نہائی نہیں لگایا جاسکتا، یعنی قانونی طور پر ایسا ممکن نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ کے لیے کارآمد اقامہ اور کارکن کا مملکت میں ہونا لازمی ہے۔
خروج و عودہ کے حوالے سے سعودی حکام کی وضاحت
قبل ازیں جوازات کے ٹویٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ اپنے سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا ہروب لگایا تھا مگر اب وہ واپس ڈیوٹی پر آگیا ہے، ہروب کیسے کینسل کروایا جائے۔
جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ گھریلو ملازمین کے ہروب کو کینسل کروانے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے، جوازات کی ڈیجیٹل خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہروب کینسل کروانا ممکن ہے۔ مقررہ دو ہفتے کے اندر ابشر پورٹل پر موجود سروس تواصل میں جائیں جہاں مطلوبہ براؤز میں تفصیلات درج کریں اور ارسال کردیں۔