جدہ : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدررجب طیب اردوآن سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا جبکہ متعدد معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدررجب طیب اردوآن دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں سعودی عرب کے دارالحکومت جدہ پہنچ گئے۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا، شاہی محل میں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ترکیہ کے صدر کی آمد پر باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر کی ملاقات ہوئی ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اردوآن کے دورے اور ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کے پہلووں، مشترکہ تعاون کے امکانات اور مختلف شعبوں میں انہیں ترقی دینے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل اور شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بھی موجود تھے۔
سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکی اور سعودی عرب نے توانائی، براہ راست سرمایہ کاری اور دفاع سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے۔