سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان جمعرات کو سرکاری دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچے جہاں وہ ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران شہزادہ خالد متعدد ملاقاتیں کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ باہمی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پیر کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے فون پر بات کی تھی جس کے دوران انہوں نے علاقائی پیش رفت اور ان سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔