اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیردفاع محمد بن سلمان آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، دورے کے دوران میں سعودی وزیردفاع اہم ترین شخصیات ۔۔سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب ولی عہد اوروزیردفاع شہزادی محمد بن سلمان سعودی ایران کشیدگی کے پیش نظرآج پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔
سعودی وزیردفاع دورہِ پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اوروفاقی وُزرا سے مُلاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اورآرمی چیف سے سعودی وزیردفاع کی ملاقاتوں میں چونتیس ممالک کے اتحاد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دوروز قبل سعودی وزیرخارجہ عادل ابن الجبیر بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔
سعودی عرب میں شیعہ عالمِ دین شیخ باقرالنمرکی سزائے موت پرعمل درآمد کے نتیجے میں ایران کی جانب سے انتہائی سخت ردعمل کا مظاہرہ کیاگیا تھا جس کے بعد سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی نئی لہردوڑگئی ہے۔
تہران میں احتجاج کے دوران سعودی سفارت خانے کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک نے ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔