اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان آرہے ہیں، چین، روس اور امریکہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرخارجہ آج بروز جمعرات پاکستان آرہے ہیں، عادل الجبیر وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کریں گے، سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو دوسراگھر قرار دیا ہے، یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں چین اور روس کے علاوہ امریکی وزیرخارجہ نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم چین سے ہر مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امن کاخواہاں ہے اور امن کیلئے اپنی ہر مممکن کوششیں جاری رکھے گا، اس کے علاوہ پاکستان افغانستان میں بھی قیام امن کا خواہاں ہے، شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ بی جے پی سمجھتی ہے پاکستان سے تعلقات بہتر ہوئے تو اس کا ووٹ بینک متاثر ہوگا۔
مزید پڑھیں : افغان طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے: امریکا
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں مائیک پومپیو نے دونوں ممالک سے براہ راست سفارتی رابطوں کی قیادت کی، امریکا نے پبلک ڈپلومیسی کے بجائے پرائیویٹ ڈپلومیسی سے کام لیا۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے، سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر کشیدہ حالات کے باعث خطے میں امن کو شدیدخطرات لاحق ہیں، کشیدگی کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں۔