جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

سعودی وزیر خارجہ اور شاہ محمود قریشی کی ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وزارت خارجہ پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین بالمشافہ ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک روزہ دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوگی۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر بھی بات چیت ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات ریاض میں ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزرائے خارجہ نے کثیر الجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں