ریاض: سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون شامل کردینے کے بعد 300 بچیوں نے پیانو بجانا سیکھ لیا۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون بھی شامل کردیا گیا ہے جس کے بعد جدہ کے ایک اسکول میں 300 بچیوں نے اس مضمون کے تحت پیانو بجانا سیکھا۔
ان بچیوں نے نہایت شوق کے ساتھ پیانو کی کلاسیں لیں، ان میں سے 10 نے مہارت سے پیانو بجا کر سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا۔
جدہ کے اس اسکول میں گٹار بجانا بھی سکھایا جارہا ہے، یہاں بھی ریکارڈ تعداد میں بچیوں نے دلچسپی ظاہر کی۔ مضمون کے استادوں ثامر خلیل اور عبیر بالبید نے بچیوں کو گٹار بجانا سکھایا۔
اساتذہ نے پیانو کے ذریعے بچیوں کو میوزک سے متعارف کروایا اور نغمہ سازی کے ہنر سے روشناس کرایا۔ بچیوں کو پیشہ وارانہ انداز میں گٹار بجانے پر اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
ان بچیوں کو میوزک کی ابجد شارجہ میں امریکن یونیورسٹی کے کورس کے مطابق سکھائی گئی۔