لاہور: سعودی حکومت نے گردن توڑبخار کی ویکسین کی شرط کو معطل کردیا ہے، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
سعودی حکومت نے عمرہ زائرین اور اپنے ملک میں آنے والے مسافروں کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے گردن توڑبخار کی ویکسین لگوانے کی شرط کو فی الحال معطل کردیا ہے، اس سلسلے میں گیگا نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے سعودی حکومت کے اس فیصلے سے متعلق مزید بتایا کہ اب صرف پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوگی۔
اس سے قبل سعودی عرب جانے والے مسافروں کےلیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی قرار دی گئی تھی جس کے بعد لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر ویکسین بلیک میں فروخت ہورہی تھی۔
عمرہ زائرین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی
لاہور سمیت پنجاب میں میننجائٹس ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی تھی، لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر گردن توڑ بخار کی ویکسین بلیک میں فروخت کی جارہی ہے، پنجاب بھر میں سیکڑوں عمرہ زائرین کو ویکسین کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ویکسین کی قیمت 5 ہزار سے کم لیکن 10 سے 20 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے، سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین دستیاب نہیں ہے۔