مکہ المکرمہ: سعودی عرب میں رمضان المبارک 17 مئی سے شروع ہونے کا امکان ہے، سعودی حکومت نے رمضان دسترخوان میں دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مکہ المکرمہ گورنریٹ کی نگرانی میں کام کرنے والی کمیٹی نے رمضان کے دوران مسجد الحرام، مکہ المکرمہ کی دیگر مساجد، خیموں اور میدانوں میں افطار دستر خوان پیش کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
مکہ المکرمہ گورنریٹ نے یہ کمیٹی ضیوف الرحمان زائرین اور معتمرین کے لیے خوردونوش کا بندوبست کرنے کے خواہش مندوں کی سہولت کے لیے قائم کی ہے۔
مکہ المکرمہ گورنریٹ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ زائرین کے کھلانے پلانے کا انتظام منظم اور مہذب طریقے سے ہو اور زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے، ایک ماہ کے دوران یہ تعداد 20 لاکھ سے 25 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔
مکہ المکرمہ میں رمضان کے دوران زائرین کو روزہ افطار کرانے کے لیے ہر روز دنیا کا سب سے بڑا دستر خوان بچھایا جاتا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق افطار کے لیے روزانہ 70 ٹن سے زائد کھجوریں تقسیم کی جائیں گی۔