ہفتہ, اپریل 26, 2025
اشتہار

سعودی گروپ کے ایئر بس کے ساتھ اہم معاہدے پر دستخط

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی گروپ نے ایئربس کے ساتھ ایک بڑے معاہدے پر دستخط کردیے۔

سعودی گروپ نے اپنے فضائی بیڑے میں 20 نئے وائیڈ باڈی اے 330 این ای او طیارے شامل کرنے کے لیے ایئربس کے ساتھ ایک بڑے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس میں کم لاگت والے کیریئر فلائیڈیل کے 10 فرم آرڈر بھی شامل ہیں۔

اس معاہدے کا مقصد فضائی بیڑے کی جدید کاری اور آپریشنل رسائی کو بڑھانا ہے، اس معاہدے کے پاکستان کے لیے خاص طور پر علاقائی روابط، سیاحت اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنی بہترین کارکردگی، طویل اڑان، اور غیر معمولی استعداد کے لیے مشہور، اے 330 این ای او ماڈل اپنی آپریشنل رسائی کو بڑھانے اور مزید منازل متعارف کرانے کے لیے گروپ کی حکمت عملی کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔

سعودی عرب اور پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے درمیان ہوائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کیلئے ان طیاروں کی ترسیل 2027 میں شروع ہوگی۔

اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان، علاقائی تجارت، سیاحت اور سفر میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر فلائٹ کنیکٹیویٹی میں اضافہ اور ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تعاون سے مستفید ہوگا۔

سعودیہ گروپ کی توسیع سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق ہے، جس کا مقصد 250 مقامات کو جوڑنا اور لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے،اس وژن کے تحت ممکنہ طور پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمدورفت بھی شامل ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب فرانس کے شہر ٹولوس میں واقع ایئربس فیکٹری میں سعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمر اور کمرشل ایئر کرافٹ بزنس کے سی ای او کرسچن شیررکی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

معاہدے پر سعودیہ گروپ میں فلیٹ مینجمنٹ کے نائب صدر صالح عید اور ایئربس میں کمرشل ہوائی جہاز کی فروخت کے ایگزیکٹو نائب صدر بینوئٹ ڈی سینٹ-ایکسپری نے دستخط کئے۔

سعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمرنے کہا کہ ”یہ معاہدہ ہمارے فضائی بیڑے کو جدید اور وسعت دینے کی ہماری حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعلق 105 طیاروں کے لیے ایئربس کے ساتھ گزشتہ سال کے تاریخی معاہدے پر استوار ہے۔ یہ قدم سعودی وژن 2030 کے تحت ہماری قومی حکمت عملیوں سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد 250 مقامات کو جوڑنا اور 2030 تک 330 ملین سے زیادہ مسافروں اور 150 ملین سیاحوں کے سفر کو آسان بنانا ہے۔“

سعودیہ گروپ میں اس وقت 194طیارے تجارتی، کارگو اور لاجسٹکس مقاصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں، جبکہ 191 نئے طیاروں کی فراہمی کے ساتھ ان خدمات میں مزید توسیع ہوگی۔یہ ترقی سعودی عرب کے معاشی وژن کی حمایت کرتی ہے اور پاکستان کے ساتھ فضائی رابطے بڑھانے کے نئے مواقع فراہم کرتی ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں