ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اورکہا کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کی مزید ترقی اور کامیابی کی خواہش مند ہے۔
سعودی فرمانروا نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بھی صدر ڈاکٹرعارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا صدر بننے پر مبارکباد دی گئی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔
ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 ستمبر کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا تھا۔
صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔