ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے پاکستانی صدر عارف علوی کو یوم پاکستان پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ذاتی طور پر اور سعودی حکومت وعوام کی طرف سے پاکستانی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔
دوسری طرف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر عارف علوی کے نام پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اور برادر پاکستانی عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہوں‘۔
خیال رہےکورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر یوم پاکستان آج انتہائی سادگی کے ساتھ منایا جارہا ہے، حکومت نے عوام کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے 23 مارچ کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ سمیت ایوانِ صدر ، گورنر ہاؤسز میں ہونے والی تمام تقاریب کو ملتوی کردیا ہے۔
واضح رہے 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے الگ اسلامی ملک کے لیے قرارداد پیش کی تھی، اس لحاظ سے پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کا دن یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے۔