اسلام آباد : سعودی وزیر حج ڈاکٹرصالح بن طاہر نے وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری کو حجاج کی رہائش، خوراک،سفری سہولتوں کے معاہدے کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں، نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں کاروبار کے ساتھ مذہبی اجتماعات پر بھی پابندیاں عائد ہے وہیں فریضہ حج کی ادائیگی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
حج انتظامات سے متعلق سعودی وزیر حج ڈاکٹرصالح بن طاہر نے وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری کے نام خط لکھا ، جس میں حجاج کی رہائش، خوراک،سفری سہولتوں کے معاہدے کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ حجاج کی سہولتوں کےحتمی معاہدات اورادائیگیاں فی الحال نہ کی جائیں، پاکستان کورونا کے پیش نظرحتمی معاہدوں کیلئے انتظار کرے۔
سعودی وزیرحج کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت وائرس کے پھیلاؤ اوراحتیاطی تدابیر کامسلسل جائزہ لے رہی ہے، نئی صورتحال کے مطابق نئی ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
نورالحق قادری نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے، حج کی ادائیگی سے متعلق سعودی حکام مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز سعودی عرب نے پاکستان کوحج معاہدوں سےروک دیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کےخدشات کے پیش نظر حج معاہدہ نہ کریں، سعودی حکومت صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کورونا وائرس سے دنیا بھرمیں ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار 344 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ ست تجاوز کرچکی ہے۔