لندن: برطانیہ میں آنے والے شدید طوفان برٹ میں ایک سعودی پائلٹ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافروں سے بھرا طیارہ رن وے پر مہارت سے اتارا، طیارے کی لینڈنگ کی سنسنی خیز ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
برٹ طوفان نے کئی دنوں سے برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ایسے میں ایک سعودی پائلٹ نے طوفان کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنا طیارہ کامیابی سے لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ پر اتار لیا، سعودی پائلٹ محمد آل شیبان کے اس کارنامے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بڑی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ پر 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کی وجہ سے طیارہ اترتے ہوئے بری طرح ڈگمگا رہا ہے، لیکن پائلٹ نے نہایت مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے رن پر اتارا۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بہت سے سعودیوں کو حیران کر دیا ہے، کیپٹن محمد آل شیبان نے اس حوالے سے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے لینڈنگ کے حالات بہت پیچیدہ تھے، ہمارے سامنے کئی طیاروں کی لینڈنگ منسوخ ہو گئی، لینڈنگ کے رن وے تک پہنچنے کے دوران میرے طیارے کا استحکام خاصا متاثر ہوا۔
کیپٹن محمد آل شیبان نے لینڈنگ پلان کے حوالے سے بتایا ’’میں نے آٹو پائلٹ کو منقطع کر دیا کیوں کہ ہوا کی طاقت اور رفتار کے باعث آٹو پائلٹ کی لینڈنگ مکمل نہیں ہو سکتی تھی، پھر میں نے جہاز کا دستی کنٹرول سنبھال لیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ طیارہ لینڈنگ کے درست راستے پر رہے اور درست طریقے سے لینڈنگ کرے۔‘‘
کامیاب لینڈنگ کے بعد مسافروں نے مشکل حالات کے باوجود اس ہموار لینڈنگ پر کیپٹن کی تعریف کی۔ کیپٹن آل شیبان کے مطابق انھوں نے اس سے قبل اس سے زیادہ مشکل حالات میں طیارہ لینڈ کرایا ہے، اس لیے وہ ان حالات میں خود کو پرسکون رکھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔