تازہ ترین

اسکول کھولنے کے حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کا اہم بیان

ریاض: سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ جلد اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ مملکت میں اسکول کھول دیے جائیں یا آن لائن تدریس ہی جاری رکھی جائے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت آئندہ ہفتے طلبہ کی اسکولوں میں واپسی کے امکانات کا جائزہ لے گی۔

وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم کے 5 ہفتے گزرنے کے بعد وزارت کے ماہرین آن لائن تدریس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کریں گے۔ ماہرین کی ٹیم اس بات کے امکانات پر بھی غور کرے گی کہ آیا 7 ہفتے گزر جانے کے بعد طلبہ کو اسکولوں میں واپس آنا چاہیئے یا آن لائن تدریس جاری رکھی جائے۔

دوسری جانب وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ کا کہنا ہے کہ آن لائن تدریس کا مستقبل انتہائی روشن ہے، ہمیں اس کے لیے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

انہوں نے آن لائن تعلیم کو آسان بنانے اور طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ 60 لاکھ طالب علم اس وقت آن لائن تدریس سے مستفید ہو رہے ہیں، ہم مائیکرو سافٹ کے ساتھ مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -