ریاض: سعودی حکومت نے دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ شر انگیز اور تنازعات پیدا کرنے والی باتوں سے گریز کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کے ماتحت بنائے جانے والے سرکاری علما بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
سعودی علماء بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ فریضہ مقدسہ کے لیے مکہ المکرمۃ آنے والے افراد نفرت انگیز، عدالت برپا کرنے اور تنازعات پیدا کرنے والے سیاسی نعروں سے دور رہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید قرباں 21 اگست کو ہوگی
علما نے عازمین سے یہ بھی اپیل کی کہ تمام عازمین برائی اور گناہ کے کاموں سے پرہیز کریں کیونکہ اللہ رب العزت نے حج کے دوران ہر طرح کی بدکلامی، بدزبانی جھگڑے سے منع فرماتے ہوئے ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا حکم دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حاجیوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے والے افراد کو بھی برے کاموں سے روکیں اور اگر کوئی تسلسل کے ساتھ یہی برے کام دہرائے تو اس کی اطلاع سیکیورٹی اہلکاروں دیں۔
سعودی علما کا کہنا تھا کہ تمام عازمین سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے حج پر پہنچے تو سب پر لازم ہے کہ وہ ایسے اعمال کریں جو اللہ کے نبی ﷺ نے کیے اور ہر اُس چیز سے رکیں جس سے شریعت نے روکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی
واضح رہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام حج کا رکن اعظم پیر 20 اگست کو ادا کریں گے جس کے اگلے یعنی 21 اگست کو وہ قربانی کریں گے اور پھر سر منڈوائیں گے۔