سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے متعدد علاقوں میں منگل تک موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ’مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے تیز بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، ریاض ریجن میں بھی درمیانے درجے سے تیز بارش کا امکان ہے۔
شہری دفاع نے شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیراختیارکرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عسیر ریجن کے بیشہ گورنریٹ میں سب سے زیادہ اوسط بارش تبالہ سٹیشن میں 27.6 ملی میٹر اور ابھا کے شعار مرکز میں 2.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
16 ہائیڈرولوجیکل اور کلائمیٹ سٹیشنوں نے 6 علاقوں میں بارش ریکارڈ کی جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، عسیر، حائل اور الباحہ شامل ہیں۔
مکہ ریجن میں طائف کے قایا سٹیشن نے 3.3 ملی میٹر، مدینہ منورہ ریجن کے مھد الدھب سٹیشن نے 2.2 ملی میٹر، القصیم ریجن میں 1.2 ملی میٹر، حائل ریجن میں 1.4 ملی میٹر، الباحہ ریجن 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال بن الشلھوب کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پرمقرر کی جانے والی سزاؤں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ’آگاہی امن عامہ اور ڈیجیٹل میڈیا کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ’حج کی ادائیگی کے لیے پرمٹ کی شرط لازمی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے بغیر جو بھی مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہوگا یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اسے قانون کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا، جس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ نے جعل سازوں اور فرضی حج خدمات کے حوالے سے اشتہاری مہم چلانے والوں سے ہوشیار رہنے کا کہا ہے، جو مشاعر مقدسہ میں رہائش اور حج قربانی کے حوالے سے بھی غلط اشتہاری مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرکے پیسے بنا رہے ہیں۔
وزارت حج نے عازمین کو خاص ہدایات جاری کردیں
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے ’مکہ روٹ‘ کے عنوان سے جو اقدام کیا ہے وہ مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے‘۔