اتوار, فروری 2, 2025
اشتہار

سعودیہ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستانی مسافروں کے لیے بھی اہم سنگ میل

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے، ایوی ایشن انڈسٹری کی معتبر اور آزاد سائٹ سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودیہ پروازوں کی بر وقت روانگی کے حوالے سے 88.82 فی صد کی متاثر کن شرح کے ساتھ دنیا میں پہلے نمبر پر رہی ہے۔

پروازوں کی بروقت آمد کی کارکردگی میں سعودیہ محض 0.35 فی صد شرح کی کمی کے مارجن سے دوسرے نمبر پر رہی، اور پروازوں کی بر وقت آمد کی شرح 86.35 فی صد رہی۔

سعودیہ نے 2024 میں چار بر اعظموں میں 100 سے زائد مقامات پر مشتمل نیٹ ورک پر کامیابی کے ساتھ 192,560 پروازیں چلائیں۔

یہ کامیابی خاص طور پر پاکستان کے مسافروں کے لیے اہمیت کی حامل ہے، جو سعودیہ کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے۔ سعودیہ ایئر لائن پاکستان کے بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کو سعودی عرب سے ملانے والی باقاعدہ پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔ یہ کنکشنز پاکستانی مسافروں، خاص طور پر حج اور عمرہ کرنے والے زائرین کے ساتھ ساتھ کاروباری اور تفریحی مقاصد کے لیے سفر کرنے والوں کے لیے بہت اہم ہیں۔

سعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر ابراہیم العمر نے اس کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ”ہمیں عالمی سطح پر پروازوں کی بروقت روانگی اور آمد کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنے پر انتہائی فخر ہے، یہ ہماری قومی نقل و حمل اور لاجسٹکس حکمت عملی اور قومی ایوی ایشن سیکٹر کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’یہ کامیابی مکمل طور پر سعودیہ گروپ کے ملازمین کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور عمدہ کارکردگی کے مظاہرہ کے حوالے سے مختلف شعبوں کے کردار کو اجاگر کرتی ہے، جو مسافروں کے سفر کو یادگار اور آرام دہ بنانے کے عزم سے منسلک ہیں۔“

انھوں نے مزید کہا کہ 2024 میں سال بھر اور خاص کر سیزن کے دوران چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت بروقت کارکردگی کو یقینی بنایا گیا۔ سعودیہ 2024 میں جولائی اور نومبر میں بروقت کارکردگی کے حوالے سے 3 مرتبہ اول نمبر پر رہی۔

فی الوقت، سعودیہ 144 طیاروں پر مشتمل جدید فضائی بیڑے کے ساتھ چار بر اعظموں میں 100 سے زائد مقامات کے لیے یومیہ 530 سے زائد پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ اس وسیع آپریشن میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی اور پاکستانی مسافروں کو اہم کنکشنز کی فراہمی کے لیے باقاعدہ پروازیں شامل ہیں۔

یہ خدمات سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور خاص طور پر سیاحت، تفریح، کھیل اور حج و عمرہ کے شعبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے اور اقتصادی تعاون کے مواقع کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں