سعودی عرب میں ریسٹورینٹس اور کچن کے لیے ضابطہ اخلاق سخت کرتے ہوئے خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ ریسٹورینٹ اور کچن میں بلی کا کتے کی موجودگی پر ان ہوٹلز پر 2 ہزار ریال (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) عائد کیا جائے گا۔ دکان یا ہوٹل وغیرہ میں حشرات الارض کی موجودگی پر زیادہ سے زیادہ 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے اس کے علاوہ فوڈ سروسز یا کیٹرنگ کے حوالے سے کسی بھی غیرقانونی تجارتی سرگرمی پر 50 ہزار ریال (تقریباً 37 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کرنے کے لیے ضوابط مرتب کر لیے ہیں۔
ضوابط کے مطابق ریستوران وغیرہ میں صفائی کا خیال نہ رکھنے پر زیادہ سے زیادہ 4 ہزار جبکہ کم سے کم 200 ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
دکان یا ریستوران وغیرہ میں سیوریج لائن کی خرابی کی صورت میں گندا پانی داخل ہونے پر 4 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔
اس کے علاوہ اشیائے خور و نوش کے میدان میں کام کرنے والے تجارتی ادارے کا لائسنس ایکسپائر ہونے یا لائسنس جاری نہ کرانے پر 5 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔