ریاض: سعودی عرب کی سیکیورٹی نے بڑے پیمانے پر منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے 13 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے لاکھوں نشہ آور گولیاں اور ایک ٹن سے زائد مقدار میں چرس برآمد ہوئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت داخلہ نے تیرہ رکنی گروہ کی گرفتاری کی تصدیق جمعرات کے روز کرتے ہوئے بتایا کہ ’منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے‘۔
وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے منشیات کی جو کھیپ پکڑی اُسے مملکت میں فروخت کرنے کے لیے لایا جارہا تھا۔
پولیس حکام نے تیرہ رکنی گروہ کو گرفتار کیا جن میں سے 7 کا تعلق یمن سے ہے جبکہ گروہ میں پانچ سعودی اور ایک پناہ گزین قابائل کا شہری بھی شامل ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 24 لاکھ 96 ہزار 950 نشہ آور گولیاں اور ایک ٹن 229 کلو چرس برآمد ہوئی جسے ضبط کرلیا گیا ہے۔
اینٹی نارکوٹکس (انسداد منشیات) کے ترجمان نے کارروائی کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ گروہ کو تین علیحدہ علیحدہ کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ریاض میں کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں تین شہری گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 20 لاکھ 14 ہزار 940 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کی نشاندہی پر دوسری کارروائی جدہ میں کی گئی جس میں پناہ گزین قبیلے کا فرد گرفتار ہوا جس کے قبضے سے چار لاکھ 82 ہزار نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی جبکہ تیسری کارروائی عیسر کے سرحدی علاقے میں کی گئی جہاں سے زمینی راستے کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والے تین یمنی گرفتار ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں ملزمان کی نشاندہی کے بعد منشیات خریدنے والے چار یمنی اور ایک مقامی شہری کو گرفتار کیا گیا، یہ پانچوں افراد اسمگل شدہ منیشات خرید کر اسے فروخت کرتے تھے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے اُن سے تفتیش کی جارہی ہے، ضابطے کی کارروئای کے بعد ملزمان کو متعلقہ محکمےکے حوالے کیا جائے گا۔