ریاض: سعودی ایئر لائن میں معاون پائلٹ کی اسامی پر سعودائزیشن کا عمل مکمل کرلیا گیا، ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد تمام پائلٹس بھی سعودی شہری ہوں گے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایئر لائن نے معاون پائلٹ کی اسامی میں 100 فیصد سعودائزیشن میں کامیابی حاصل کر لی ہے، سعودی ایئر لائن میں اس کامیابی پر جشن منایا گیا۔
ہوائی کمپنی کے سربراہ ابراہیم العمر نے کہا ہے کہ یہ سعودی ایئر لائن کا ایک اور کارنامہ ہے جو 75 سالہ تاریخ کی کامیابیوں میں اضافہ ہے۔
ایئر لائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے عہد کیا تھا کہ ہمارے ہاں تمام معاون پائلٹ سعودی نوجوان ہوں گے، آج ہم اپنے وعدے کی تکمیل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب ہم ایک اور وعدہ کر رہے ہیں کہ ہمارے ہاں تمام پائلٹ سعودی شہری ہوں گے، یہ وعدہ بھی بہت جلد پورا کریں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہم ان تمام غیر ملکی پائلٹوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔