کراچی: اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر موصول ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی رقم منظور کی ہے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ 3 مئی 2024 کو ہفتے کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کی منظوری دی تھی۔
وزارت خزانہ ذرائع کا بتانا تھا کہ آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط منگل کو موصول ہو سکتی ہے جس کا آئی ایم ایف نے منظوری کے بعد گرین سگنل دے دیا ہے۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں گزشتہ روز پاکستان خصوصی طور پر شریک ہوا تھا۔ پاکستان نے 12 جولائی 2023 کو 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈبائی پروگرام حاصل کیا تھا۔
جولائی 2023 میں پی ڈی ایم دور حکومت میں 1.2 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔ جنوری 2024 میں نگراں حکومت کے دور میں 70 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو اسٹینڈبائی قرض پروگرام میں 1.9 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔